
خلیج اردو
بینکاک: تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان سرحدی جھڑپوں میں شدت آ گئی ہے، جس کے نتیجے میں ایک فوجی سمیت 11 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ تھائی وزارت خارجہ کے مطابق کمبوڈیا کی افواج نے حملوں کے دوران ایک ہسپتال سمیت شہری علاقوں کو نشانہ بنایا ہے، جس کے باعث نقصانات میں اضافہ ہوا۔
جھڑپوں کے بعد تھائی لینڈ نے سرحدی علاقوں میں ایف 16 جنگی طیارے تعینات کر دیے ہیں اور کمبوڈیا سے اپنے سفیر کو واپس بلا لیا ہے۔ اس کے ردعمل میں کمبوڈیا نے بھی سخت موقف اختیار کرتے ہوئے تمام تھائی سفارتکاروں کو 48 گھنٹوں کے اندر ملک چھوڑنے کا حکم دے دیا ہے۔
چین نے اس صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ کشیدگی کم کرنے کیلئے تحمل کا مظاہرہ کریں۔ چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بیجنگ دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کیلئے تعمیری کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔






