
خلیج اردو
واشنگٹن: وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل نے وائٹ ہاؤس کے اوول آفس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی جو پرجوش اور دوستانہ ماحول میں ہوئی۔ اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کی جرات مندانہ، بہادرانہ اور فیصلہ کن قیادت کی تعریف کرتے ہوئے انہیں امن کا علمبردار قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صدر ٹرمپ دنیا بھر میں تنازعات ختم کرنے کی مخلصانہ کوششیں کر رہے ہیں اور ان کے کردار سے پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی ممکن ہوئی جس سے جنوبی ایشیا ایک بڑے سانحے سے بچ گیا۔ شہباز شریف نے غزہ جنگ کے فوری خاتمے کے لیے صدر ٹرمپ کی کوششوں کو بھی سراہا اور مشرق وسطیٰ میں امن کی بحالی کے لیے مسلم رہنماؤں کو مدعو کرنے کے اقدام کو قابل تحسین قرار دیا۔
اعلامیہ میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کا رواں سال کے آغاز میں پاک امریکہ تجارتی معاہدے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کی قیادت میں دونوں ملکوں کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔ وزیراعظم کے مطابق پاک امریکہ تعلقات دونوں اقوام کے لیے یکساں فائدہ مند ثابت ہوں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی کمپنیوں کو پاکستان کے زرعی، آئی ٹی، معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی اور انسداد دہشت گردی کے تعاون پر بات کی۔ وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے کردار کی صدر ٹرمپ کی عوامی توثیق پر شکریہ ادا کیا اور سیکیورٹی و انٹیلیجنس کے شعبوں میں مزید تعاون پر زور دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت بھی دی۔
Trump, Shehbaz hail progress in US-Pakistan ties in Oval Office meeting







