عالمی خبریں

بھارت کی جانب سے بعض رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات تشویش کا باعث ،امریکا کا پاکستان اور بھارت سے کشیدگی کا ذمہ دارانہ حل نکالنے کا مطالبہ

خلیج اردو:
واشنگٹن:امریکی محکمہ خارجہ نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ خطے میں پائی جانے والی حالیہ کشیدگی کو ذمہ داری کے ساتھ ختم کرنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ پریس بریفنگ کے دوران محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکا دونوں ممالک کے درمیان حالات کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور مختلف سفارتی سطحوں پر دونوں حکومتوں سے مسلسل رابطے میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ کی پاکستان اور بھارت کے اعلیٰ قیادت سے حالیہ ٹیلیفونک گفتگو کے بعد خطے میں جنگی صورتحال کے بادل کچھ حد تک چھٹے ہیں، تاہم بھارت کی جانب سے بعض رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات اب بھی تشویش کا باعث ہیں۔ ٹیمی بروس نے کہا کہ ایسے بیانات خطے میں تناؤ کو مزید بڑھا سکتے ہیں، جس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ عالمی امن کو بھی خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ ٹرمپ انتظامیہ دونوں فریقین کو یہ باور کرا رہی ہے کہ موجودہ بحران کا واحد حل ذمہ دارانہ مکالمے اور سفارتی اقدامات میں مضمر ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ کھڑا ہے، تاہم کسی بھی کشیدگی کا جواب صرف بات چیت اور تعاون سے ہی دیا جا سکتا ہے۔

واشنگٹن کی جانب سے یہ موقف ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب سرحدی جھڑپوں اور بیانات کی جنگ سے جنوبی ایشیا کے حالات غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہیں۔ عالمی برادری نے بھی دونوں ممالک سے تحمل، تدبر اور مستقل مزاجی کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button