عالمی خبریں

آبنائے ہرمز میں آئل ٹینکر کو امریکی بحریہ کی اسکواٹ دینے کی خبر کی تردید، وائٹ ہاؤس کا مؤقف، ایران کو توانائی ترسیل روکنے نہیں دیں گے، قیمتوں میں اضافہ عارضی قرار

خلیج اردو
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے اس دعوے کے بعد کہ امریکا نے آبنائے ہرمز میں تیل لے جانے والے جہاز کو اسکواٹ فراہم کیا ہے، وائٹ ہاؤس نے اس خبر کی تردید کر دی ہے۔

اس سے قبل امریکی وزیر توانائی کرس رائٹ نے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی بحریہ نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے ایک آئل ٹینکر کو اسکواٹ فراہم کیا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر آبنائے ہرمز بند کرنے کی کوشش کی گئی تو امریکا سخت ردعمل دے گا اور ایران کو عالمی توانائی کی ترسیل روکنے نہیں دیا جائے گا۔

وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولائن لیویٹ نے نیوز بریفنگ میں کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پہلے ہی توقع تھی کہ ایران عالمی منڈیوں میں خلل ڈالنے کی کوشش کر سکتا ہے اور ممکن ہے کہ توانائی کے ڈھانچے اور آبنائے ہرمز کو نشانہ بنایا جائے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے پچاس بحری جہاز تباہ کیے جا چکے ہیں جبکہ ایرانی ڈرون حملوں میں پچاسی فیصد تک کمی آ چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تیل اور گیس کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ عارضی ہے اور موجودہ بحران مختصر مدت کا ثابت ہوگا۔

کیرولائن لیویٹ کے مطابق طویل مدت میں توانائی کی عالمی منڈی مستحکم ہو جائے گی اور امریکی توانائی پالیسی کے باعث مستقبل میں قیمتوں میں کمی آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے بیلسٹک میزائل اور جوہری پروگرام کو عالمی سلامتی کیلئے خطرہ نہیں بننے دیا جائے گا۔

تجزیہ کاروں کے مطابق آبنائے ہرمز سے متعلق بیانات اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ توانائی کی عالمی منڈی اور خطے کی سلامتی اس بحران کے اہم پہلو بن چکے ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button