عالمی خبریں

ایتھنز کے شمالی علاقوں میں جنگل کی آگ بے قابو، زیتون کے باغات اور مکانات جل کر راکھ

خلیج اردو
ایتھنز: یونان کے دارالحکومت ایتھنز کے شمالی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر کے باعث جنگل میں لگنے والی آگ نے قریبی رہائشی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ آگ کے باعث زیتون کے باغات اور متعدد مکانات جل کر خاکستر ہو چکے ہیں جبکہ علاقے میں دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے ہیں۔

فائر بریگیڈ کے سینکڑوں اہلکار زمینی و فضائی ذرائع سے آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔ آگ بجھانے کے لیے خصوصی ہوائی جہاز اور ہیلی کاپٹرز کو بھی آپریشن میں شامل کیا گیا ہے۔

یونانی حکومت نے یورپی یونین سے ہنگامی مدد طلب کی ہے جس کے بعد دیگر یورپی ممالک سے امدادی طیارے یونان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔ یونانی حکام کے مطابق صورتحال قابو سے باہر ہونے کا خدشہ ہے اس لیے بین الاقوامی مدد ناگزیر ہو چکی ہے۔

محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے جس سے آگ مزید پھیلنے کا خطرہ موجود ہے۔ حکام نے متاثرہ علاقوں کے مکینوں کو فوری طور پر انخلاء کی ہدایت دی ہے۔

ایتھنز کے شمالی علاقوں میں یہ آگ اس سال کی بدترین جنگل کی آگوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے، جس نے نہ صرف زرعی اراضی بلکہ بنیادی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button