
خلیج اردو
مانچسٹر: انگلینڈ اور بھارت کے درمیان مانچسٹر میں جاری ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی کرکٹ ٹیم کی شرٹ پہننے والے پاکستانی مداح فاروق نذر کو سکیورٹی اہلکاروں کی جانب سے شرٹ تبدیل کرنے یا گراؤنڈ سے باہر جانے کی ہدایت دی گئی۔ واقعے پر مداح نے انگلش کرکٹ بورڈ اور مقامی انتظامیہ کو شکایت درج کرا دی ہے۔
فاروق نذر کے مطابق، "میں میچ دیکھ رہا تھا جب سکیورٹی اہلکاروں نے مجھے روکا اور کہا کہ اپنی پاکستانی شرٹ ڈھانپ لو یا پھر تبدیل کر لو، بصورت دیگر آپ کو گراؤنڈ سے جانا پڑے گا۔”
یہ واقعہ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا اور دنیا بھر کے کرکٹ حلقوں میں زیر بحث ہے۔ صارفین نے اس اقدام کو عدم برداشت اور کھیل کی روح کے منافی قرار دیا۔ فاروق نذر نے کہا کہ انہوں نے اس ناانصافی پر انگلش کرکٹ بورڈ اور مقامی انتظامیہ کو باضابطہ شکایت جمع کرا دی ہے۔
واضح رہے کہ مانچسٹر میں جاری ٹیسٹ میچ ڈرا ہو گیا ہے، جس کے بعد 5 میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔
پاکستانی مداح کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے نے کھیل کے میدان میں غیرجانبداری اور سپورٹس مین اسپرٹ پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ کرکٹ شائقین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ٹیم کی شرٹ پہن کر میچ دیکھنے پر پابندی کھیل کی اصل روح کے خلاف ہے اور ایسی حرکات سے کرکٹ کے عالمی مداحوں میں تقسیم پیدا ہو سکتی ہے۔






