خلیجی خبریںعالمی خبریں

جرمنی کا اسرائیل سے میزائل نظام خریدنے پر غور

خلیج اردو: جرمن چانسلر اولاف شولس نے باور کرایا ہے کہ ان کا ملک یوکرین پر روسی حملے کے تناظر میں اپنے لیے نیا میزائل دفاعی نظام خریدنے کے واسطے کوشاں ہے۔ تاہم اولاف نے اپنی حکومت کی جانب سے ممکنہ طور پر خریدے جانے والے میزائل نظام کی نوعیت سے آگاہ نہیں کیا۔

البتہ سوشل ڈیموکریٹس پارٹی سے تعلق رکھنے والے سیاست دان آندریاس شفارٹز نے اسرائیلی میزائل نظام Arrow 3 کے بارے میں بات کی ہے۔ آندریاس کے مطابق دور تک مار کرنے والے میزائلوں کو گرانے کی صلاحیت رکھنے والا یہ میزائل ایک "اچھا حل” ہے۔

انہوں نے یہ بات جرمن اخبار "بیلڈ آم زونٹاگ” سے خصوصی گفتگو میں کہی۔ آندریاس کا کہنا ہے کہ "ہمیں روس کی شکل میں درپیش خطرے کے مقابل اپنی حفاظت کا بہتر انتظام کرنا لازم ہے۔ لہذا ہمیں میزائل دفاعی ڈھال کی ضرورت ہے جو پورے جرمنی کو ڈھانپ لے اور یہ جلد از جلد کرنا ہو گا”۔

جرمن اخبار کے مطابق چانسلر اولاف شولس نے کچھ عرصہ قبل اسرائیلی میزائل دفاعی نظام کی بابت جرمن فوج کے سربراہ ایبر ہارڈ ٹزورن سے تبادلہ خیال کیا تھا۔ تاہم جرمن وزارت دفاع نے اس خبر کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔

جرمنی کے پاس اس وقت فضائی دفاع کے لیے امریکی "پیٹریاٹ” میزائل یونٹ موجود ہیں۔ تاہم یہ ملک کے مختلف حصوں کو مکمل تحفظ فراہم نہیں کرتے ہیں۔

اس سے قبل جرمن چانسلر دفاعی اخراجات میں 100 ارب یورو (110 ارب امریکی ڈالر) کے اضافے کا اعلان کر چکے ہیں۔ یہ اعلان یوکرین پر روس کے حملے کے بعد سامنے آیا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button