
خلیج اردو
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ گزشتہ رات تہران پر حملے میں ایران کے سیکیورٹی چیف علی لاریجانی اور بسیج فورس کے کمانڈر غلام رضا سلیمانی شہید ہو گئے ہیں۔
تاہم ایرانی میڈیا نے اس دعوے کی سختی سے تردید کر دی ہے اور اسے بے بنیاد قرار دیا ہے۔ علی لاریجانی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ہاتھ سے لکھا گیا ایک پیغام بھی جاری کیا گیا، جس میں انہوں نے ایرانی بحریہ کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
پیغام میں کہا گیا کہ “شہادتیں برسوں تک ایران کی فوج کی بنیاد کو مضبوط کریں گی، اور بحریہ کے بہادر مجاہدین کی قربانیاں ظالم قوتوں کے خلاف جدوجہد کا حصہ ہیں۔”
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایران میں چار مارچ کو امریکی آبدوز کے ٹارپیڈو حملے میں شہید ہونے والے 84 ملاحوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔
آئی آر آئی ایس دینا پر شہید ہونے والوں کی تدفین کی تقریب آج منعقد ہو رہی ہے، جہاں قومی سطح پر تعزیت اور یادگاری تقریبات جاری ہیں۔
یہ صورتحال ظاہر کرتی ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری کشیدگی میں اطلاعاتی جنگ بھی شدت اختیار کر چکی ہے، جہاں دعوؤں اور تردیدوں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔





