خلیجی خبریںعالمی خبریں

اسرائیل کی کھلم کھلا جارحیت،غزہ میں اسرائیلی بمباری سے مزید 24 فلسطینی شہید جبکہ یمن پر جوابی حملوں کے بعد صنعا ایئرپورٹ پر اسرائیلی وار

خلیج اردو
غزہ: اسرائیلی فورسز کی تازہ بمباری نے غزہ میں انسانی المیے کو مزید گہرا کر دیا ہے۔ فلسطینی ذرائع کے مطابق پناہ گزین کیمپ پر ڈرون حملے سمیت مختلف فضائی کارروائیوں میں کم از کم 24 افراد شہید اور 10 زخمی ہو گئے ہیں۔ شہداء میں 5 بچے بھی شامل ہیں جو کیمپ پر حملے میں جاں بحق ہوئے۔

اسرائیلی کواڈ کاپٹرز نے نہ صرف ریسکیو ورکرز کو نشانہ بنایا بلکہ امدادی کاموں میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش بھی کی۔ ادھر غزہ میں امداد کی بندش نے غذائی بحران کو سنگین بنا دیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق تقریباً تین لاکھ بچے فاقہ کشی کی حالت میں موت کے دہانے پر پہنچ چکے ہیں۔

دوسری طرف یمنی حوثیوں کی جانب سے اسرائیل کے سب سے بڑے بن گورین ایئرپورٹ پر میزائل حملے کے بعد اسرائیل نے صنعا پر دوسرا بڑا حملہ کر دیا۔ صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حملے میں مسافر طیاروں، ٹرمینلز اور دیگر خدماتی مراکز کو نشانہ بنایا گیا۔ ایک روز قبل اسرائیلی حملے میں حدیدہ بندرگاہ اور ایک سیمنٹ فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا گیا تھا، جس میں 3 افراد شہید اور 25 زخمی ہوئے۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صنعا ایئرپورٹ کو ہر قسم کی فضائی سرگرمیوں کے لیے ناکارہ بنا دیا گیا ہے، تاہم حوثی قیادت نے کہا ہے کہ یہ حملے جنگ کو مزید وسعت دینے کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیل، امریکہ اور برطانیہ کے خلاف مزاحمت جاری رہے گی اور ابھی کئی اہم اسرائیلی اہداف باقی ہیں جنہیں نشانہ بنایا جائے گا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button