
خلیج اردو آن لائن:
سعودی عرب نے اس رمضان المبارک کے مہینے میں خواتین نمازیوں کی خدمت کے لئے خصوصی سیکیورٹی فورس کی خواتین اہلکاروں کا پہلا دستہ مسجد نبوی میں تعینات کیا ہے۔
سعودی گزٹ کے مطابق مدینہ پولیس کی ڈائریکٹر میجر جنرل عبدالرحمن المشہان نے بتایا کہ خواتین پولیس اہلکاروں کی پہلی کھیپ میں کل 99 خواتین اہلکار شامل ہیں جو اکتوبر 2020 سے ڈیوٹی پر ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ "خواتین سیکیورٹی فورسز کی موجودگی مسجد میں اور روضہ شریف میں خواتین کے دورے کا منظم اور موثر انداز انعقاد کروانے میں مددگار ثابت ہوئی ہے”۔
مزید برآں، خواتین اہلکار خواتین نمازیوں کے نماز ادا کرنے کے مقامات پر کورونا وائرس کے احتیاطی تدابیر پر عمل در آمد کو یقینی بنانے کے لیے بھی بھر پور کام کر رہی ہیں”۔
المشہان کے مطابق خواتین نے سیکیورٹی، فیلڈ ورک اور انتظامیہ کے سلسلے میں خصوصی مہارت حاصل کی ہے تاکہ وہ ماہ مقدس کے دوران اپنے خصوصی فرائض کی انجام دہی کے لئے تیار ہوں۔
مدینہ کے امیر شہزادہ فیصل بن سلمان کو نماز کے مقامات اور روضہ شریف دونوں جگہ خواتین اہلکاروں کی خدمات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
Source: Khaleej Times