
خلیج اردو: سعودی عرب کی پہلی کارٹون فلم تیار ہو گئی ہے اور عنقریب سعودی سینما گھروں میں دکھائی جائے گی۔ اس پہلی سعودی کارٹون فلم کا نام ’الرحلة‘ ہے جو لمبے عرصے سے تیار ہو رہی تھی اور بالآخر اب شائقین کا انتظار ختم ہو گیا ہے۔ یہ کارٹون فلم 4 ڈی ایکس ٹیکنالوجی کی حامل ہے جو جاپان کے تعاون سے تیار کی گئی ہے اور سعودیہ کے فاکس سینما گروپ کے سینما گھروں میں 17 جون سے ریلیز کی جائے گی۔
فاکس سینما گروپ کی جانب سے ٹویٹر پیج پر بتایا گیا ہے کہ اس فلم کی ٹکٹوں کی بکنگ جلد شروع ہو جائے گی۔ اس فلم کے کردار سعودی معاشرت سے تعلق رکھتے ہیں ۔ اس فلم میں کئی تاریخی اور تخیلاتی واقعات دکھائے گئے ہیں۔ سعودی جنرل اتھارٹی برائے انٹرٹینمنٹ کے سربراہ ترکی آل الشیخ نے بھی اس سعودی کارٹون فلم کا پوسٹر شیئر کیا ہے اور اسے سعودی فلم انڈسٹری کی ترقی کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔





