پاکستانی خبریں

ایک احمد فرہاد بازیاب نہیں ہوتا تو یہ ریاست کی ناکامی ہے،اسلام آباد ہائیکورٹ کے شاعر احمد فرہاد لاپتہ کیس میں ریمارکس

خلیج اردو
اسلام آباد:اسلام آباد ہائیکورٹ نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے اٹارنی جنرل کو جمعہ تک کا وقت دے دیا۔ جسٹس محسن اختر نے کہا یقینی بنانا ہے کہ اسلام آباد سے کوئی بندہ اٹھایا نہیں جائے گا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کسی شہری کا لاپتہ کیا جانا اور عدم بازیابی ریاست کی ناکامی ہے۔

 


جسٹس محسن اختر کیانی کی کی جانب سے سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے کہا ذمہ داری لیتا ہوں احمد فرہاد کو ریکور کریں گے۔۔جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ آپ نے یقینی بنانا ہے کہ اسلام آباد سے کوئی بندہ اٹھایا نہیں جائے گا، اگر بندہ ریکور نہیں ہو گا تو یہ ریاست کی ناکامی ہو گی۔

 

دوران سماعت سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد بھی عدالت میں پیش ہوئے،جسٹس محسن اختر کیانی نےکہا کہ پولیس کو پتہ ہے انہوں نے کیا کرنا ہے، عدالت تفتیش میں مداخلت نہیں کریگی۔ درخواستگزار کی وکیل ایمان مزاری نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی سیکرٹری دفاع کو نوٹس کیا تو نہیں آئے، سیکرٹری دفاع عدالت پیشی کو توہین سمجھتے ہیں۔اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ سیکرٹری دفاع کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اسی وجہ سے پیش نہیں ہوسکے۔

 

جسٹس محسن اختر کیانی نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے بلانے پر سب پیش ہونگے۔ وزیراعظم سےبڑ اکوئی نہیں،وہ عدالت آسکتے ہیں تو سب آ سکتے ہیں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئےکہا۔۔ آپ سےبڑی امیدیں ہیں ، آپ نے سپریم کورٹ میں بھی یہی بات کی ، ہمیں نتائج درکار ہیں۔ ایک شہری کو اس کے گھر لانے کی بات ہے۔عدالت نے لاپتہ شاعر احمد فرہاد کی بازیابی کے لیے اٹارنی جنرل کو جمعہ تک کا وقت دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button