
خلیج اردو
اسلام آبادـپاکستان کرپٹو کونسل کا قیام، ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کا اہم قدم۔۔۔۔۔۔ کونسل کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا
سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کو کونسل کا سربراہ جبکہ بلال بن ثاقب کو سی ای او مقرر کیا گیا ہے۔ کونسل کے ابتدائی بورڈ میں گورنر اسٹیٹ بینک، چیئرمین سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن ، وفاقی سیکرٹری قانون اور وفاقی سیکرٹری آئی ٹی شامل ہیں۔
وزیر خزانہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرپٹو کونسل کے قیام سے ملک میں ڈیجیٹل فنانس کو فروغ دینے اور کرپٹو کرنسی کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ بلال بن ثاقب نے کہا کہ کونسل کا مقصد بلاک چین اور کرپٹو ٹیکنالوجی کو فروغ دینا اور عالمی ڈیجیٹل معیشت میں پاکستان کا کردار مضبوط بنانا ہے۔
کونسل کے ابتدائی اہداف میں کرپٹو کرنسی کے لیے واضح ضابطہ کاری، عالمی اداروں سے روابط، اور صارفین کے تحفظ کے لیے مضبوط فریم ورک تشکیل دینا شامل ہیں۔ اس اقدام سے پاکستان میں جدید مالیاتی ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کے نئے دروازے کھلنے کی توقع ہے۔