خلیج اردو
اسلام آباد:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سرکاری دورے پر جرمنی پہنچ گئے، جرمن چیف آف ڈیفنس نے آرمی چیف کا استقبال کیا، جنرل عاصم منیر نے جرمن آرمی چیف کے ہمراہ آرمی کمبیٹ ٹریننگ سینٹر کا دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جرمن مسلح افواج کے دستے نے آرمی چیف کو جرمنی پہنچنے پر گارڈ آف آنر پیش کیا، آرمی چیف نے جرمن فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل الفونس میس سے بھی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت ہوئی، جنرل عاصم منیر نے جرمن آرمی چیف کے ہمراہ آرمی کمبیٹ ٹریننگ سینٹر کا بھی دورہ کیا۔
آرمی چیف کو سینٹر کے مختلف شعبوں اور فوجی دستوں کو دی جانے والی تربیت پر بریفنگ دی گئی، آرمی چیف نے جنگی مشق کا مشاہدہ اور مختلف تربیتی سہولیات کا معائنہ کیا۔ جنرل عاصم منیر کی جرمن فیڈرل چانسلر کے خارجہ پالیسی اور سکیورٹی ایڈوائزر جنز پلاٹنر اور وزیر مملکت خارجہ امور توبیاس لنڈر اور سیکرٹری دفاع نلز ہلمر سے بھی ملاقاتیں ہوئیں۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق جرمن قیادت نے دہشت گردی کیخلاف جنگ اور خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک فوج کے کردار کا اعتراف کیا، آرمی چیف ہیمبرگ میں جرمن مسلح افواج کے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کا دورہ بھی کریں گے۔ آرمی چیف علاقائی اور عالمی سلامتی کے حوالے سے پاکستان کے نقطہ نظر اور اقوام متحدہ مشنز میں پاکستان کی مسلح افواج کے اشتراک پر روشنی ڈالیں گے