پاکستانی خبریں

این ڈی ایم اے کی گرمی کی ممکنہ لہر پر ایڈوائزری، عوام کو محتاط رہنے کی ہدایت

خلیج اردو
اسلام آباد: نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 22 سے 27 اپریل 2025 کے دوران ملک بھر میں ممکنہ شدید گرمی کی لہر کے خدشے کے پیش نظر ایک اہم ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری کا مقصد عوام کو بروقت موسمی حالات سے آگاہ رکھنا اور ان کی حفاظت کو یقینی بنانا ہے۔

نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی رپورٹ کے مطابق اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم غیر معمولی طور پر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ بلوچستان اور سندھ میں گرمی کی شدت سب سے زیادہ ہو سکتی ہے، جبکہ خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے بھی کئی علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔ تاہم ایبٹ آباد، سوات، پشاور، چترال اور وزیرستان جیسے اضلاع میں جزوی طور پر ابر آلود موسم اور ہلکی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

این ڈی ایم اے کے مطابق عوام کو موسمی خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے نہ صرف بروقت معلومات کی فراہمی بلکہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری اور مؤثر ردعمل کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ ادارہ اپنے نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ذریعے مسلسل صورتِ حال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور تمام متعلقہ صوبائی و ضلعی اداروں سے قریبی رابطے میں ہے۔

عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ دوران سفر یا دیگر سرگرمیوں سے قبل موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے "پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ” استعمال کریں تاکہ ممکنہ خطرات سے بچاؤ ممکن ہو سکے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button