
خلیج اردو
اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی ٹین میں واقع نجی ہاسٹل میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی 22 سالہ طالبہ کو قتل کر دیا گیا۔ تھانہ رمنا پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق درج کی گئی ایف آئی آر میں مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ رات تقریباً سوا بارہ بجے ایک نامعلوم نوجوان ہاسٹل میں داخل ہوا۔ بعد ازاں تقریباً ڈیڑھ بجے مدعی کی بہن کمرے سے باہر نکلی تو مذکورہ ملزم زبردستی اس کے کمرے میں داخل ہو گیا۔ ملزم نے دیگر لڑکیوں کو خاموش رہنے کی دھمکی دی اور مدعی کی بہن کو گولی مار دی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گئی۔
پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جلد ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔ ہاسٹل میں موجود دیگر طالبات کے بیانات بھی قلمبند کیے جا رہے ہیں۔







