Uncategorized

متحدہ عرب امارات میں شدید دھند، دبئی اور شارجہ ایئرپورٹس پر متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات کے مختلف علاقوں میں منگل کی صبح شدید دھند کے باعث فضائی اور زمینی ٹریفک متاثر ہوئی، جس کے نتیجے میں دبئی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر امارات ایئرلائن کی بعض آمد و روانگی کی پروازیں تاخیر کا شکار ہو گئیں۔

ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق 24 فروری کی صبح دبئی میں چھائی گھنی دھند کے باعث کئی پروازوں کے شیڈول میں تبدیلی کرنا پڑی جبکہ مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی پروازوں کی تازہ صورتحال جاننے کیلئے ایئرلائن کی ویب سائٹ سے رجوع کریں۔

شدید دھند کے باعث دبئی اور شارجہ کے بعض علاقوں میں حدِ نگاہ چند سو میٹر تک محدود ہو گئی، جس سے پروازوں کے ساتھ ساتھ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

عینی شاہدین کے مطابق شارجہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کم از کم 28 پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں جن میں زیادہ تر ایئر عربیہ کی پروازیں شامل تھیں جبکہ بعض بین الاقوامی ایئرلائنز کی پروازوں کو بھی ری شیڈول کیا گیا۔

ایئرلائن انتظامیہ کا کہنا ہے کہ مسافروں اور عملے کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور کسی بھی صورت اس پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، جبکہ دیگر ایئرپورٹ حکام سے مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button