Uncategorized

اپریل 2024 کی ریکارڈ بارش، بڑی وجہ سامنے آگئی

خلیج اردو
متحدہ عرب امارات میں 16 اپریل 2024 کو ہونے والی ریکارڈ توڑ بارش کی بڑی وجہ سامنے آگئی ہے۔ نئی تحقیق کے مطابق غیر معمولی حد تک گرم سمندری درجہ حرارت اس شدید بارش کا بنیادی سبب بنا۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ گرم سمندر نے فضا میں زیادہ نمی پیدا کی، جس کے باعث بارش کی شدت اور اس کا رخ براہِ راست متاثر ہوا۔ اسی روز یو اے ای میں جدید تاریخ کی سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔

نیشنل سینٹر آف میٹرولوجی (این سی ایم) کے مطابق بعض علاقوں میں ایک ہی دن میں اتنی بارش ہوئی جتنی عام طور پر پورے سال میں ہوتی ہے۔ العین میں 254 ملی میٹر جبکہ دبئی میں 142 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جب کہ یو اے ای میں سالانہ اوسط بارش 140 سے 200 ملی میٹر کے درمیان ہوتی ہے۔ اپریل میں عموماً صرف 8 ملی میٹر بارش ہوتی ہے۔

تحقیق 21 جنوری 2026 کو شارجہ میں جاری کی گئی۔ این وائی یو ابوظہبی کے مبادلہ ACCESS سینٹر کے ماہرین نے سیٹلائٹ ڈیٹا اور کمپیوٹر ماڈلز کی مدد سے اس غیر معمولی موسمی واقعے کا تجزیہ کیا۔

ماہرین کے مطابق اگر سمندری درجہ حرارت کم ہوتا تو زیادہ تر بارش ایران کے زاگرس پہاڑی سلسلے پر ہوتی، نہ کہ یو اے ای میں۔

تحقیق کے مرکزی مصنف اور محقق باسط خان کا کہنا ہے، "ہماری تحقیق ظاہر کرتی ہے کہ سمندری حالات علاقائی موسمی نظام اور بارش کے پیٹرن پر گہرا اثر ڈالتے ہیں۔ ان عوامل کو بہتر طور پر سمجھ کر ہم موسم کی پیشگوئی اور تیاری کے نظام کو مؤثر بنا سکتے ہیں۔”

پروفیسر اولیور پالئیس کے مطابق یہ تحقیق خشک علاقوں میں سمندر اور فضا کے باہمی تعلق کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ہے اور مضبوط موسمی ماڈلز کی تیاری میں مددگار ثابت ہوگی۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خلیج عرب میں سمندری درجہ حرارت میں اضافہ مستقبل میں شدید بارشوں کے امکانات کو مزید بڑھا سکتا ہے، جس کے پیشِ نظر بہتر پیشگی تیاری ناگزیر ہو چکی ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button