
خلیج اردو
دنیا نے سال 2025 کو الوداع کہہ کر 2026 کا پرتپاک استقبال کیا۔ امریکا میں سال نو 2026 کا آغاز ہوتے ہی نیویارک کے ٹائمز اسکوائر میں روایتی جشن منعقد ہوا، جہاں ہزاروں شہریوں نے جمع ہو کر نئے سال کا خیرمقدم کیا، جبکہ ٹائمز اسکوائر میں مشہور کرسٹل بال نصب کر کے گنتی کے بعد سال کی تبدیلی کا اعلان کیا گیا۔
سب سے پہلے نیوزی لینڈ کے شہر آکلینڈ سے سال نو کی تقریبات کا شاندار آغاز ہوا، جہاں اسکائی ٹاور پر آتش بازی کے دلکش مظاہرے نے آسمان کو رنگ و نور سے نہلا دیا، موسیقی، رقص اور روشنیوں نے جشن کو مزید یادگار بنا دیا۔ آسٹریلیا میں نئے سال کے موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، جبکہ سڈنی میں خوشیوں، آتش بازی اور عوامی اجتماعات نے جشن کا سماں باندھ دیا۔
ایشیا کے مختلف ممالک جاپان، جنوبی کوریا، فلپائن اور چین سمیت دیگر خطوں میں بھی نئے سال کے موقع پر روایتی رسومات اور تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ مشرق وسطیٰ میں دبئی، عراق اور قطر میں سال نو پر آتش بازی کے شاندار مظاہرے دیکھنے میں آئے، جبکہ سعودی عرب میں بھی نئے سال کے موقع پر خصوصی اور منظم تقریبات منعقد کی گئیں۔
یورپ میں لندن، پیرس اور برلن میں نئے سال کا جشن بھرپور انداز میں منایا گیا، جبکہ یونان میں سال نو کی تقریبات نے سب کی توجہ حاصل کی، جہاں 10 ٹن وزنی اور 100 میٹر طویل دنیا کا سب سے بڑا کیک تیار کر کے 80 ہزار افراد میں تقسیم کیا گیا، یوں دنیا بھر میں نئے سال کا آغاز خوشیوں، امیدوں اور ایک بہتر مستقبل کی توقعات کے ساتھ ہوا۔







