عالمی خبریں

وزیر اعلیٰ مریم نواز کا دورہ چکوال، بارش سے متاثرہ خاندانوں کیلئے مالی امداد کا اعلان

خلیج اردو
چکوال: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے چکوال کا دورہ کرتے ہوئے حالیہ بارشوں سے جاں بحق افراد کے ورثاء کیلئے 10،10 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے یہ اعلان ایم پی اے سلطان حیدر علی کی درخواست پر کیا اور نقصانات کے تخمینے کی ہدایت بھی جاری کی۔

مریم نواز نے راولپنڈی کی فوجی کالونی میں بارش سے ہونے والے نقصانات پر نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ علاقے میں فوری پہنچنے کی ہدایت دی۔ ان کی ہدایت پر کلرکہار چکوال روڈ اور پنڈ دادنخان جہلم روڈ پر لینڈ سلائیڈنگ سے بند راستے کلیئر کر دیے گئے۔ راولپنڈی کے نواحی علاقے کرولی ڈھوک برج روڈ پر سڑک پر پڑنے والا شگاف بھی پر کر دیا گیا اور ٹریفک بحال ہو گئی۔

آئیسکو چکوال سرکل میں بارشوں سے بجلی کا نظام شدید متاثر ہوا۔ سیلابی ریلوں کے باعث 99 ہائی ٹینشن اور 49 لو ٹینشن پول زمین بوس جبکہ 65 ٹرانسفارمرز متاثر ہوئے، جس سے چاروں ڈویژنوں میں 35 ہزار سے زائد صارفین بجلی سے محروم ہو گئے۔

ڈی جی ریسکیو پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ حالیہ بارشوں کے دوران کرنٹ لگنے اور چھتیں گرنے سے 119 اموات ہوئیں۔ ان کے مطابق مون سون کے دوران ضلعی انتظامیہ نے بہترین کام کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ دریا کے کناروں پر غیرقانونی آبادی کا ڈیٹا اکٹھا کیا جا رہا ہے جبکہ پنجاب میں ایئر ایمبولینس سروس کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔

ادھر دریائے سندھ میں چشمہ کے مقام پر پانی کے بہاؤ میں اضافہ سے جناح بیراج کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب آ گیا ہے۔ سیلابی پانی کئی علاقوں میں داخل ہو چکا ہے، ہزاروں ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں، اور آج رات لیہ سے سیلابی ریلا گزرنے کا امکان ہے۔ ڈھنگانہ، پپلاں اور کچہ گجرات میں دریا کے کٹاؤ سے سینکڑوں ایکڑ اراضی اور درجنوں مکانات دریا برد ہو چکے ہیں، جبکہ تربیلا اور کالا باغ کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ ریسکیو ٹیمیں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

سیلاب کے دوران ایک انسانیت سوز واقعہ میں، جہلم میں 400 سے زائد پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرتے ہوئے کانسٹیبل حیدر علی پانی میں بہہ گیا۔ وہ چھ بہنوں کا اکلوتا بھائی تھا۔ بچوں کو بچانے کے بعد اس کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے۔ پولیس یونیفارم سے محبت کرنے والا حیدر علی اکثر رات کو بھی وردی پہن کر سوتا تھا اور کہتا تھا کہ "اتنی مشکل سے وردی ملی ہے، اسے چھوڑنے کو دل نہیں کرتا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button