عالمی خبریں

امریکی صدر ٹرمپ کا کانگریس سے خطاب، حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا

خلیج اردو
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس سے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ خطرناک دہشت گرد کی گرفتاری میں مدد فراہم کرنے پر وہ پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتہا پسند اور دہشت گرد عالمی امن کے دشمن ہیں اور ان کے خلاف کارروائی ضروری ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خطاب میں یاد دلایا کہ ساڑھے تین سال قبل کابل ایئرپورٹ پر ہونے والے دھماکے میں 13 امریکی ہلاک ہوئے تھے۔ اس حملے میں ملوث دہشت گرد کو افغانستان میں گرفتار کر لیا گیا ہے اور جلد اسے امریکہ منتقل کیا جائے گا۔ اس موقع پر انہوں نے افغانستان سے امریکی افواج کے انخلا کو انتہائی شرمناک قرار دیا۔

امریکہ کا سنہری دور شروع ہو چکا ہے
اپنے پہلے کانگریسی خطاب میں صدر ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکہ پہلے سے بہتر انداز میں ترقی کر رہا ہے اور امریکہ کا سنہری دور شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی حکومت نے صرف ڈیڑھ ماہ میں وہ کام کر دکھایا ہے جو پچھلی حکومتیں چار سال میں نہیں کر سکیں۔

صدر ٹرمپ نے ڈیموکریٹس کو دعوت دی کہ وہ مل کر امریکہ کو دوبارہ عظیم بنائیں۔ انہوں نے معاشی پالیسیوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ معدنیات کی پیداوار کو بڑھانے کے لیے تاریخی اقدامات کریں گے۔ ان کے مطابق، پچھلی حکومت نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا تھا اور افراط زر میں غیر معمولی اضافہ کر دیا تھا، یہاں تک کہ انڈوں کی قیمتیں بھی عام عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی تھیں۔

نئی معاشی پالیسیاں اور ٹیکس اصلاحات
صدر ٹرمپ نے شرح سود میں کمی اور بجٹ کے توازن پر زور دیا اور اعلان کیا کہ پانچ ملین ڈالر مالیت کا گولڈ کارڈ جاری کیا جائے گا، جو گرین کارڈ سے بہتر ہوگا۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ اپنا قرض گولڈ کارڈ خریدنے والوں کی رقم سے اتارے گا۔

انہوں نے مزید اعلان کیا کہ 2 اپریل سے جو بھی ملک امریکہ پر ٹیکس لگائے گا، امریکہ بھی اس پر جوابی ٹیکس عائد کرے گا۔ انہوں نے کینیڈا کو دی جانے والی سبسڈی ختم کرنے کا عندیہ دیا اور کہا کہ کینیڈا اور میکسیکو کو امریکہ میں منشیات کی اسمگلنگ روکنی ہوگی۔

صدر ٹرمپ کی تقریر کے دوران ڈیموکریٹک رکن کانگریس آل گرین نے احتجاج کیا، جس پر انہیں کانگریس سے باہر نکال دیا گیا۔

اپنے خطاب کے آخر میں صدر ٹرمپ نے کہا، میری قیادت میں امریکہ ناقابل تسخیر ہے۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button