خلیج اردو: سعودی شہری دفاع نے عمرہ زائرین کوہدایت کی ہے کہ وہ مسجد الحرام مکہ مکرمہ جاتے وقت کسی قسم کا سامان اپنے ہمراہ نہ لے جائیں ۔
سعودی شہری دفاع نے ٹوئٹر پر بیان میں عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ عمرہ کی ادائیگی یا مسجد الحرام میں نماز باجماعت ادا کرنے کے لیے سامان ساتھ نہ رکھیں تاکہ کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
ماہ رمضان میں دنیا بھر سے عمرہ کی ادائیگی کے لیے لاکھوں افراد ارض مقدس آتے ہیں جبکہ مملکت کے مختلف شہروں سے بھی بڑی تعداد میں لوگ رمضان میں عمرہ کرنے کے لیے آتے ہیں، سامان کی وجہ سے زائرین کو دقت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ دوسروں کو بھی پریشانی ہوتی ہے۔
اسی حوالے سے حرمین شریفین انتظامیہ نے زائر خواتین کی رہنمائی اور مدد کے لیے خواتین اہلکار بھی تعینات کردی ہیں ، حرمین انتظامیہ کے مطابق اردو، انگریزی، ترک، فارسی، فرانسیسی اور ازبک زبانوں میں گائیڈ خواتین بھی تعینات ہوں گی۔
اس کے علاوہ انتظامیہ کی جانب سے یہ بھی بتایا گیا ہے کہ زائر خواتین کی سہولت کے لیے آمدورفت کے لیے زائد راہداریاں بنائی گئی ہیں، مسجد الحرام کے اندر اور باہر 68 مصلے تیار کیےگئے ہیں اور 22 دروازے مختص کیےگئے ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق مسجد الحرام کے اطراف زائر خواتین کے لیے 11 واش روم اور 7 کمپلیکس بھی مختص کیے گئے ہیں۔