
خلیج اردو
راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع شمالی اور جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے دو علیحدہ علیحدہ کارروائیوں کے دوران 6 خوارج کو جہنم واصل کر دیا۔
ترجمان کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے رزمک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے آپریشن کیا، جس میں کامیابی سے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں پانچ دہشتگرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جنوبی وزیرستان میں ہونے والے آپریشن میں کالعدم تنظیم کے اہم رہنما ذبیح اللہ عرف زکران کو ہلاک کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ذبیح اللہ سیکورٹی فورسز اور بےگناہ شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھا اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔