
خلیج اردو
اسلام آباد:تحریک انصاف نے سنی اتحاد کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کے ساتھ اتحاد کا اعلان کردیا،،، بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ ہم وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں سنی اتحاد کونسل کے ساتھ مل کر چلیں گی،،، جبکہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہم 8سال سے پی ٹی آئی کے اتحادی ہیں۔
اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ کامیابی کے نوٹیفکیشن کے بعد آزاد ارکان3 دن میں کسی جماعت میں شمولیت کے پابند ہوتے ہیں،،، ہم نے سنی اتحاد کونسل سے اتحاد مخصوص نشستوں کے حصول کیلئے کیا۔
عمر ایوب نے ایک مرتبہ پھر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنانے کا دعوی کرتے ہوئے کہاکہ تاریخی دھاندلی کے باوجود بھی عوام نے ہمیں مینڈیٹ دیا،،، الزام عائد کیا کہ پشاور میں سات سے آٹھ ڈی سیز نے دھاندلی کی،،، ایم کیو ایم پر مینڈیٹ چوری کرنے کا بھی الزام لگا دیا۔
سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ ہمارا تعاون غیر مشروط ہے،، بانی پی ٹی آئی کی پالیسی اور ہدایت پر من و عن چلیں گے۔
مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس کاکہناہےکہ ایک سازش کے تحت پی ٹی آئی کی حکومت کو گرایا گیا، تاریخی دھاندلی کے بعد اب ان ہی لوگوں کو دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے،،عدم اعتماد سے ختم کیا گیاجنکو عوام نے مسترد کیا ان کو دوبارہ مسلط کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
تحریک انصاف کے رہنماؤں نے ایک مرتبہ پھر مستعفی کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تائید کرتے ہوئے شفاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔