خلیج اردو
راولپنڈی:پاکستان میں گزشتہ روز عسکریت پسندوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے ایک افسر اور سپاہی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں اعلیٰ فوجی و سول افسران اور عوام نے شرکت کی۔
افواج پاکستان کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق میجر عامر عزیز شہید نے دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کی قیادت کی جس میں ایک دہشتگرد ہلاک اور ایک زخمی کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے میڈیا کو جاری بیان میں کہا ہے کہ شہداء میران شاہ شمالی وزیرستان میں دہشتگردوں کا بہادری سے مقابلہ کرتے جام شہادت نوش کر گئے تھے، میجر عامر عزیز شہید کی عمر 29 سال اور تعلق سرگودھا سے تھا، جبکہ سپاہی محمد عارف شہید کی عمر 27 سال اور تعلق ساہیوال سے تھا۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستانی مسلح افواج مادر وطن سے دہشتگردی کی لعنت کو ہر قیمت پر خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔