
خلیج اردو
نئی دہلی: بھارتی مڈل آرڈر بیٹر شریاس آئر سڈنی میں آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ون ڈے میچ کے دوران ایک شاندار کیچ لیتے ہوئے زخمی ہوگئے، بی سی سی آئی نے تصدیق کی ہے کہ انہیں تلی (Spleen) پر گہری چوٹ آئی ہے۔
یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آئر بیک ورڈ پوائنٹ سے دوڑ کر ہرشیت رانا کی گیند پر ایلکس کیری کا شاندار کیچ لینے کے لیے ڈائیو لگائی۔ تاہم زمین پر گرتے وقت ان کے بائیں پہلو، پسلیوں اور کہنیوں پر زوردار ضرب لگی۔ کچھ ہی لمحوں بعد وہ شدید تکلیف میں پسلیاں پکڑے زمین پر بیٹھ گئے اور میڈیکل ٹیم انہیں میدان سے باہر لے گئی۔
بی سی سی آئی کے مطابق، “شریاس آئر کو 25 اکتوبر 2025 کو سڈنی میں تیسرے ون ڈے کے دوران بائیں نچلی پسلیوں کے حصے پر چوٹ لگی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔”
بعد ازاں اسکین میں تلی پر زخم کی نشاندہی ہوئی تاہم بورڈ نے وضاحت کی کہ شریاس آئر طبی طور پر مستحکم ہیں اور زیرِ علاج ہیں۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ “بی سی سی آئی کی میڈیکل ٹیم سڈنی اور بھارت کے ماہرین کے ساتھ مل کر ان کی حالت کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے، جبکہ ٹیم ڈاکٹر شریاس کی روزانہ صحت یابی پر نظر رکھنے کے لیے سڈنی میں ہی موجود رہیں گے۔”






