سپورٹس

جرمن فٹبالر سباسٹین ہرٹنر مونٹی نیگرو میں اسکی لفٹ سے 70 میٹر گر کر جاں بحق

مونٹی نیگرو: مونٹی نیگرو کے ایک اسکی ریزورٹ میں اسکی لفٹ کے ہولناک حادثے میں سابق جرمن فٹبالر سباسٹین ہرٹنر جان کی بازی ہار گئے، واقعے نے فٹبال کی دنیا کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے، جبکہ ان کی اہلیہ شدید زخمی ہو گئیں۔

34 سالہ ڈیفینڈر سباسٹین ہرٹنر اپنی اہلیہ کے ہمراہ شمالی مونٹی نیگرو کے ساوِن کُک اسکی ریزورٹ، ژابلجاک کے قریب چیئر لفٹ پر سوار تھے کہ اچانک لفٹ کی کرسی کیبل سے الگ ہو گئی اور پیچھے آنے والی سیٹ سے ٹکرا گئی۔ حادثے کے نتیجے میں سباسٹین تقریباً 70 میٹر کی بلندی سے نیچے جا گرے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

بیوی نے شوہر کو گرتے دیکھا
عینی شاہدین کے مطابق یہ منظر انتہائی خوفناک تھا۔ سباسٹین کی 30 سالہ اہلیہ اپنی آنکھوں کے سامنے شوہر کو گرتے دیکھتی رہ گئیں۔ وہ خود لفٹ کی کرسی میں پھنس گئیں اور ان کی ٹانگ ٹوٹ گئی۔ ریسکیو ٹیموں کو انہیں بحفاظت نیچے اتارنے میں کئی گھنٹے لگے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

حادثے کے باعث کم از کم تین دیگر سیاح بھی لفٹ کی کرسیوں میں بلندی پر معلق رہے، جنہیں کئی گھنٹوں بعد ریسکیو کیا گیا۔ مونٹی نیگرو کے حکام نے چیئر لفٹ کو فوری طور پر بند کر دیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

فٹبال کیریئر
سباسٹین ہرٹنر نے جرمن فٹبال کی نچلی لیگوں میں ایک مضبوط اور باوقار کیریئر گزارا۔ وہ TSV 1860 میونخ، ایرٹسگیبرگ آوے اور ایس وی ڈارم اشٹاٹ 98 جیسے معروف کلبز کی نمائندگی کر چکے تھے۔ بعد ازاں وہ جرمنی کی پانچویں ڈویژن، اوبرلیگا میں ETSV ہیمبرگ کے کپتان بنے۔

یوتھ کیریئر کے دوران سباسٹین نے جرمنی کی انڈر 18 اور انڈر 19 قومی ٹیموں کی نمائندگی بھی کی، جہاں انہوں نے مستقبل کے ورلڈ کپ فاتح کرسٹوف کرامر کے ساتھ کھیلا۔ انہوں نے وی ایف بی شٹٹگارٹ کی اکیڈمی میں سات سال گزارے اور ریزرو ٹیم کے لیے تھرڈ ڈویژن میں 65 میچز کھیلے۔

فٹبال دنیا کا اظہارِ افسوس
ETSV ہیمبرگ نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا کہ ہمیں انتہائی افسوس کے ساتھ اطلاع دینی پڑ رہی ہے کہ ہمارے کپتان سباسٹین ہرٹنر تعطیلات کے دوران ایک افسوسناک حادثے میں انتقال کر گئے، ہم شدید صدمے میں ہیں اور ان کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

وی ایف بی شٹٹگارٹ نے بھی تعزیتی پیغام جاری کرتے ہوئے سباسٹین کو ایک محنتی اور باکردار کھلاڑی قرار دیا، جس نے فخر کے ساتھ کلب کی نمائندگی کی۔

یہ المناک حادثہ ایک خاندان کو اجاڑ گیا، ایک اہلیہ کو شوہر سے محروم کر گیا اور فٹبال برادری ایک ایسے کھلاڑی کے غم میں ڈوب گئی جو میدان کے اندر اور باہر احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button