سپورٹس

ایشیا کپ بھارت-پاکستان میچ، دبئی پولیس نے ممنوعہ اشیاء کی فہرست جاری کردی

خلیج اردو
دبئی: دبئی پولیس نے ایشیا کپ کے تحت اتوار 14 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے بھارت اور پاکستان کے ہائی وولٹیج میچ کے موقع پر داخلے کے لیے قواعد و ضوابط اور ممنوعہ اشیاء کی فہرست جاری کردی ہے تاکہ شائقین کے لیے محفوظ اور پرامن ماحول یقینی بنایا جا سکے۔

پولیس کے مطابق اسٹیڈیم کے دروازے میچ کے آغاز سے تین گھنٹے قبل کھول دیے جائیں گے اور صرف وہی شائقین اندر داخل ہوسکیں گے جو اپنا درست ٹکٹ دکھائیں گے۔ پولیس نے وارننگ دی ہے کہ رینڈم پارکنگ نہ کی جائے کیونکہ اسٹیڈیم کے اطراف میں باقاعدہ پارکنگ ایریاز مختص کیے گئے ہیں، جبکہ دوبارہ انٹری کی اجازت نہیں ہوگی۔

دبئی ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی نے شائقین پر زور دیا ہے کہ وہ کھیل کے جذبے کا مظاہرہ کریں اور قواعد کی پابندی کریں تاکہ یو اے ای کی شائستہ اور مہذب تصویر دنیا کے سامنے پیش کی جا سکے۔ پولیس نے خبردار کیا ہے کہ کسی بھی خلاف ورزی پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

میجر جنرل سیف مہر المزرعی، اسسٹنٹ کمانڈر انچیف آپریشنز دبئی پولیس اور ایونٹ سیکیورٹی کمیٹی کے چیئرمین نے کہا کہ اسٹیڈیم میں غیر مجاز داخلے یا ممنوعہ اشیاء رکھنے والوں کو ایک سے تین ماہ قید اور کم از کم 5 ہزار جبکہ زیادہ سے زیادہ 30 ہزار درہم جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تشدد، اشیاء پھینکنے یا نسلی و توہین آمیز زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف بھی قید اور 10 ہزار سے 30 ہزار درہم جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔

ممنوعہ اشیاء کی فہرست میں شامل ہیں:

* ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز
* جانور
* غیر قانونی یا زہریلے مادے
* پاور بینک
* آتش بازی یا فلیئرز
* لیزر پوائنٹرز
* شیشے کی اشیاء
* سیلفی اسٹکس، مونو پوڈز، چھتریاں
* نوکیلے آلات
* تمباکو نوشی
* باہر کا کھانا یا مشروبات
* جھنڈے یا بینرز

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button