
خلیج اردو
پاکستان سپر لیگ کے گیارہویں ایڈیشن کا آغاز 26 مارچ سے ہوگا جبکہ فائنل میچ 3 مئی کو کھیلا جائے گا۔ یہ اعلان چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے کیا۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل میں شامل کی جانے والی دو نئی ٹیموں کے لیے بولیاں جمع کرانے کی آخری تاریخ 22 دسمبر مقرر کر دی گئی ہے۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا ان کا ہدف ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
پی ایس ایل کی عالمی تشہیر کے سلسلے میں نیویارک کے معروف ٹائمز اسکوائر میں لیگ کے رنگ بکھر گئے، جہاں پی ایس ایل ٹرافی کی شاندار نمائش کی گئی۔ ٹرافی کو خصوصی بس کے ذریعے ٹائمز اسکوائر لایا گیا۔ شدید سردی کے باوجود شائقین کی بڑی تعداد وہاں موجود رہی۔ فینز نے کھلاڑیوں اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے ساتھ تصاویر بنوائیں اور پاکستان ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر پی ایس ایل کو بہترین لیگ بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور اعلان کیا کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم کو نئے سرے سے تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے مظفرآباد اور حیدرآباد کے اسٹیڈیمز کو بھی آباد کرنے کی منصوبہ بندی سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں کرکٹ کے فروغ کے لیے انفراسٹرکچر کی بہتری ترجیح ہے۔





