سپورٹس

لندن میں پی ایس ایل روڈ شو، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور قومی کرکٹرز کی بھرپور شرکت

خلیج اردو
لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں ایچ بی ایل پی ایس ایل کا رنگا رنگ روڈ شو منعقد ہوا، جس میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی، قومی اور سابق کرکٹرز نے شرکت کی۔ تقریب نے لندن میں موجود کرکٹ شائقین کو پاکستانی کرکٹ کے رنگ میں بھرپور انداز سے ڈبو دیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کو دنیا کی نمبر ون لیگ بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہائی پرفارمنس سینٹر کو جدید ترین معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جائے گا، جب کہ اسلام آباد میں نیا کرکٹ اسٹیڈیم بھی تعمیر کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جسے مزید نکھارا جائے گا۔

سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر نے کہا کہ پاکستان متعدد عالمی کرکٹ مقابلوں کی میزبانی کر چکا ہے اور پی ایس ایل اس کامیابی کا جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دو ٹیموں کی فرنچائز کے لیے بولیاں کھلی ہیں۔

سابق کپتان رمیز راجہ نے کہا کہ پی ایس ایل نے پاکستان میں کرکٹ کے فروغ میں مرکزی کردار ادا کیا ہے، جب کہ وسیم اکرم نے کہا کہ لیگ کی کامیابی میں ہر فرد کی محنت شامل ہے۔

پاکستانی ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ کھیل سفارت کاری کا بہترین ذریعہ ہے اور پی ایس ایل اس کا مضبوط نمائندہ بن چکی ہے۔

 

متعلقہ مضامین / خبریں

Back to top button